25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:54
بلوچستان کو حقوق چاہئیں،بھیک نہیں،طلال بگٹی
جنگ نیوز -
کوئٹہ… جمہوری وطن پارٹی کے صدر نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ملک کے لئے خطرہ ہیں ،حکومت نہ گئی تو ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں جمہوری وطن پارٹی کے زیراہتمام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئی کہی، نوابزادہ طلال اکبر بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومتی ایوانوں میں بیٹھے لوگ عوام میں اپنا اعتماد کھوچکے ہیں اور اب انہیں حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالات خراب ہوچکے ہیں ، انہوں نے مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی اوربدامنی کے دیگر واقعات کی مذمت کی، اس موقع پر صوبائی صدر نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے،جس میں خفیہ ادارے ملوث ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواب اکبر بگٹی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، انہوں نے آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کو ڈھونگ قراردیا اور کہا کہ صوبے کے عوام کو حقوق چاہئیں انہیں کسی بھیک کی ضرورت نہیں۔