25 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:6
صبح نو ٹینس : عقیل ، یاسر خان، ہیرا عاشق و دیگر اگلے مرحلے میں
جنگ نیوز -
کراچی … ٹاپ اسٹار عقیل خان، یاسر خان، ہیرا عاشق، نومی قمر اور زوہیر رضا عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی صبح نوہارڈ کورٹ ٹینس چیمپین شپ کے اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ طلحہ زبیر سرما والا اور فہیم کے درمیان ٹورنامنٹ کا دلچسپ مقابلہ ہوا جس میں طلحہ نے کامیابی حاصل کی۔ٹورنامنٹ میں ملک بھر کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ کراچی کے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اسپورٹس کمپلکس کشمیر روڈ پر کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے پہلے روز مینز سنگل کے پہلے راؤنڈ میں قومی چیمپین اور ٹاپ سیڈ عقیل خان نے یکطرفہ میچ میں سید عباس رضا کو 6-1 اور 6-2 سے زیر کیا۔ نمبر دو سیڈ یاسر خان نے حسن جاوید کو 6-0 اور 6-1 سے ہرایا، طلحہ زبیر نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد فہیم رمضان کو 6-3 اور 6-3 سے ہرایا۔ ڈیوس کپر ہیرا عاشق نے محمد نسیم کو 6-1 اور 6-1 سے، ونود داس نے ایم اظہر 6-1 اور 6-1 جبکہ سید زوہیر رضا نے عمانویل انور 6-0 اور 6-2 سے ہرا کر اگلے راؤنڈ میں کھیلنے کی راہ ہمنوار کی۔ ٹورنامنٹ میں لیڈیز سنگلز، بوائز انڈر۔18، بوائز انڈر۔14 اور مکسڈ انڈر۔11 کے میچز کا آغاز پیر کوہوگا۔