26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 5:32
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اسلام آباد پہنچ گئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد… پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پاکستان پہنچ گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا خاصا ٹیلنٹ موجود ہے ، اس ٹیلنٹ کو مناسب مواقع اور تربیت فراہم کی جائے تو بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ اسلام آباد کے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر عامر خان کے استقبال کے لیے ان کے رشتہ دار اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا بھٹو ، سیکریٹری جنرل اکرم خان اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عامرخان نے کہا کہ پیٹرسن کے ساتھ گزشتہ مقابلے کے متنازعہ نتائج کے خلاف بین الاقوامی باکسنگ فیڈریشن میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔ آئندہ سال سے اس پر فیصلہ متوقع ہے۔ عامر خان نے کہا کہ ان کے بھائی ہارون خان بھی باکسنگ میں خاصی محنت کر رہے ہیں اور اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیں گے۔ عامر خان نے بتایا کہ وہ پاکستانیوں کی دعاوٴں کی بہت قدر کرتے ہیں۔ بے نظیر بھٹو شہید باکسنگ ٹورنامنٹ پاکستان میں باکسنگ کے مستقبل کے لیے موٴثر ثابت ہوگا۔ وہ دورہ پاکستان میں آبائی گھر جائیں گے اور لاہور میں دوست احباب سے ملاقاتیں کریں گے۔