26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 10:21
پی پی کی عزت اسی میں ہے کہ فوری انتخابات کا اعلان کرے، منور حسن
جنگ نیوز -
لاہور… ایم ایم اے کی بحالی اور آئندہ انتخابات میں دوسری جماعتوں سے ممکنہ اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور کے لئے لاہور میں جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کا بند کمرے میں اہم اجلاس جاری ہے۔سید منور حسن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی عزت اسی میں ہے کہ فوری انتخابات کا اعلان کردے۔ جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹرز منصورہ میں سید منور حسن کی زیرصدارت اجلاس میں پارٹی کے مرکزی قائدین شریک ہیں، جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم ایم اے کی بحالی، حکومت کے خلاف لائحہ عمل سمیت متعدد امور پر غورکیا جارہا ہے، اجلاس میں دینی جماعتوں، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے ساتھ رابطوں کی رپورٹ پیش کی گئی جس کی روشنی میں سیاسی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا جائے گا،اس موقع پر میڈیا سے گفت گو میں سید منورحسن نے کہا کہ صورت حال دھماکا خیز ہے،پیپلزپارٹی کی فیس سیونگ اور عزت اسی میں ہے کہ فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارٹیاں بدل رہے ہیں، وہ اپنی سابقہ پارٹی کو چارج شیٹ ضرور کریں اچانک پاک صاف نہ بن جائیں۔