26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 10:32
سپریم کورٹ:وزارت داخلہ نے میمو کیس میں جواب الجواب جمع کرادیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد… وفاقی وزارت داخلہ نے آرمی چیف اورجنرل پاشا، اور منصور اعجاز،حسین حقانی کے بیان حلفی کاجواب سپریم کورٹ میں جمع کر ا دیا ہے جس میں موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ میمو جھوٹ کا پلندہ ہے ، منصور اعجاز نے پاکستانی اداروں کوایکدوسرے کیخلاف کھڑاکرنیکی کوشش کی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں جواب داخل کرایاجو18 صفحات پر مشتمل ہے جس میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاق کے نکتہ نظر میں ایسی کوشش ایک نان ایشو ہے، وزیراعظم گیلانی اپنے موقف میں یہی اظہار کر چکے ہیں اور وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہوا ہے۔ جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ میمو کی تشکیل یا تخلیق سے کسی بھی طور پر وفاق اور صدر کا تعلق نہیں، وفاق اور صدر نے منصور اعجاز کے 10 اکتوبر کے مضامین کی تردید کی ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے جو اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حسین حقانی نے 16 نومبر کو صدر کے نام خط لکھا جو میں پیش کش کی گئی کہ وہ قومی مفاد میں مستعفی ہونے کو تیار ہیں، اور یہ کہ حسین حقانی نے اپنااستعفیٰ مجازاتھارٹی کودیا، اور استعفے کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی لوگوں،منتخب نمائندوں نے ملکی دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ دیا اور قومی سلامتی،خودمختاری،ملکی دفاع کیلئے افواج کی قربانیوں پرسوال نہیں اٹھایاجاسکتا۔