تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 17:21

جلدہی سکھرمیں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقدکیاجائے گا،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اعلان کیاہے کہ ایم کیوایم کے زیراہتمام جلدہی سکھرمیں تاریخی جلسہ عام منعقدکیاجائے گا اوریہ جلسہ عام انشاء اللہ سکھرکی تاریخ کاسب سے بڑاجلسہ ہوگا۔ اس بات کا اعلان انہوں نے پیر کو سکھرمیں ایم کیوایم کی زونل کمیٹی کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ سکھرکے جلسہ عام کے انعقاد کی تاریخ رابطہ کمیٹی،ایم کیوایم اندرون سندھ تنظیمی کمیٹی اورزون سے صلاح مشورے سے کرے گی ۔ سکھرکی زونل کمیٹی اوریونٹوں کے کارکنان جلسہ عام کی تیاریاں بھرپورطریقے سے شروع کردیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے قوی امیدہے کہ سکھرزون کے کارکنان مجھے مایوس نہیں کریں گے بلکہ میرے اعلان کاپاس رکھتے ہوئے اس جلسہ عام کوتاریخی بنائیں گے اوراللہ کی مددسے دنیاکے سامنے تحریک کو سرخروکرکے دکھائیں گے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کی جدوجہدمیں سکھرکے کارکنوں اورعوام نے جوقربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ،انہوں نے تحریک کودرپیش ہرچیلنج کابھرپورطریقے سے مقابلہ کیا ہے اور سکھرمیں آباد تمام برادریوں اورتمام زبانیں بولنے والے عوام بھاری تعدادمیں شرکت کرکے اس جلسہ عام کوکامیاب بنائیں گے۔جلسہ عام کے انعقادکے اعلان سے ایم کیوایم سکھرزون کے ذمہ داران میں جوش وخروش کی لہردوڑگئی انہوں نے سکھرمیں جلسہ عام کے انعقادکے اعلان کازبردست خیرمقدم کیا اورکافی دیرتک ” تھنجو رہبر،مھنجو رہبر…الطاف رہبر،الطاف رہبر“ کے زوردار نعروں کے ذریعے اپنی خوشی اورجوش وخروش کااظہارکیا ۔ سکھرزونل کمیٹی کے ارکان نے الطاف حسین کویقین دلایاکہ وہ انہیں مایوس نہیں کریں گے اور اس جلسہ عام کوتاریخی بنانے کیلئے آج ہی سے تیاریاں شروع کردیں گے۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کوبھی ہدایت کی کہ وہ سکھرمیں جلسہ عام کے انعقاد کے سلسلے میں سکھرزون کے ساتھ بھرپورتعاون کریں۔دریں اثناء الطاف حسین نے جمعیت علماء پاکستان کے سابق صدر شاہ فرید الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے مرحوم کے تما م سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ مرحوم کا پاکستان کی سیاست میں بڑا نام تھا اورجمہوریت کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے اور دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطا ف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالی ٰمرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقا م عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔ (آمین)




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.