26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 17:32
ن لیگ کے شاہد محمودخان پنجاب اسمبلی کی نشست سے مستعفی
جنگ نیوز -
لاہور… پنجاب اسمبلی میں محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی،کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس منگل کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا، تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ن لیگ کے رکن شاہد محمود خان نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، وفقہ سوالات میں وزیر آبپاشی ملک احمد علی اولکھ نے جوابات دیئے، اپوزیشن ارکان محسن لغاری اور شوکت بسراء نے جنوبی پنجاب پر قرارداد کو منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے بینظیر بھٹو کے چوتھے یوم شہادت کے حوالے سے قرار داد پیش کی جس میں ان کی جمہوریت کیلئے خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا،اپوزیشن رکن ثمینہ خاور کی طرف سے کورم کی نشاندہی پر اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا، نماز کے وقفے کے دوران ملتان سے مسلم لیگ ن کے رکن شاہد محمود خان نے اپنا استعفیٰ اسپیکر کو دے دیا، میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ قیادت اور پارٹی پالیسیوں سے مایوس ہیں، پارٹی اپنی سمت سے ہٹ گئی ہے۔