26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:16
مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو حکومت سے تعاون ختم کردینگے،عباس کمیلی
جنگ نیوز -
کراچی…مسجد و امام بارگاہ حسینی مشن پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے،۵۲ محرم الحرام کو شاہ فیصل کالونی میں جلوس کے دوران مسجد و امام بارگاہ پر حملہ مبینہ طور پر علاقہ ایس ایچ او کی سر براہی میں کیا گیا،اسے برطرف کر کیمقدمہ قائم کیا جائے،مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو حکومت سے ہر قسم کا تعاون ترک کر دیں گے۔ان خیالات کا اظہار ملت جعفریہ کے عمائدین و علماء کرام بشمول جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی،آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ مولانا مرزا یوسف حسین،ہئیت آئمہ مساجد امامیہ کے صدر مولانا محمد حسین مسعودی،شیعہ علماء کونسل کراچی کے صدر مولانا علی محمد نقوی،مرکزی تنظیم عزاء پاکستان کے جنرل سیکرٹری سلمان مجتبیٰ،آئی ایس او کراچی ڈویژن کے قاسم نقوی،آئی او کے لئیق الزمان،مجلس ذاکرین امامیہ کے رہنما علامہ جعفر رضا نقوی،علامہ جواد زیدی،پاک محرم ایسوسی ایشن کے صدر سید شبر زیدی،حسینی مشن ٹرسٹ کے علی رضا،چچا وحید الحسن رضوی،علامہ فرقان حیدر عابدی،علامہ باقر زیدی،مجلس وحدت مسلمین کے مولانا منور نقوی سمیت شبر رضا اور دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ملت جعفریہ کے علمائے کرام و عمائدین کاکہنا تھا کہ ا مسال ملک بھر میں ماہ محرم الحرام کے آغاز سے بعض سازشی عناصر جو ملک کی سالمیت کے دشمن ہیں اور اس نازک وقت میں جبکہ پورا ملک افراط تفریط کاشکار ہے شر اور فساد پھیلانے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں تا کہ ایک مرتبہ پھر فرقہ وارانہ فساد پھیلا کر ملک کو کئی ٹکڑوں میں تقسیم کیا جائے۔ان کاکہنا تھا کہ ماہ محرم الحرام سے قبل ہی ملت جعفریہ کے عمائدین اور علمائے کرام نے حکومتی سطح پر منعقد کئے جانے والے متعدد اجلاسوں میں اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ کالعدم دہشت گرد تنظیمیں شہر کراچی سمیت ملک بھر میں ماہ محرم الحرام میں مذہبی منافرت پھیلانے اور عزاداری کے اجتماعات کو دہشت گردی کا نشانہ بنا سکتی ہیں تاہم حکومت اور انتظامیہ نے اس عنوان سے کسی قسم کے خاطر خواہ اور بروقت اقدامات نہ کئے جس کے سبب یکم محرم الحرام کو ہی سانحہ نشتر پارک کہ جس میں کالعدم دہشت گرد گروہ کے دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے دو شیعہ اسکاؤٹس کو شہید کر دیا ۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ شہر کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام ایسے مدارس کہ جن میں دہشت گردوں کوپناہ دی جاتی ہے یا دہشت گردی کا مرکز بن چکے ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے اور ایسے مدارس کو فی الفور بند کر دیا جائے تا کہ شہر کراچی اور سندھ بھر میں بھائی چارے اور اخوت کی فضاء کوسبو تاژ ہونے سے بچایا جائے۔