تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:55

جنوبی پنجاب کی محرومیوں اورمسائل کو اسمبلی میں اٹھائیں گے ،الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطا ف حسین نے کہاہے کہ ہم زبانی باتیں اورنعرے لگانے والے نہیں ہیں، ہم نے ملتان کے جلسہ عام میں جنوبی پنجاب کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اورمحرومیوں کی زبانی بات نہیں کی ہے بلکہ ہم چندروزمیں قومی اسمبلی میں ان مسائل کواٹھائیں گے اورانکے حل کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ملتان میں ایم کیوایم کی زونل کمیٹی اورملتان ضلع کے مختلف علاقوں کے کارکنوں سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر تمام ذمہ داروں اورکارکنوں نے الطاف حسین کوملتان کے جلسہ عام کی تاریخی کامیابی پرمبارکبادپیش کی ۔ الطا ف حسین نے بھی ملتان زون کی زونل کمیٹی اورتمام ضلعوں کے کارکنوں اورذمہ داروں کو جلسہ عام کی شاندارکامیابی پرفرداًفرداًزبردست مبارکباداورخراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کوہدایت کی کہ ملتان کے جلسہ عام کے انعقادکیلئے رات دن محنت کرنے والے ایم کیوایم ملتان زو ن کے کارکنوں کے اعزازمیں استقبالیہ دیاجائے، ملتان اورجنوبی پنجاب کے دیگرشہروں کے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام نے جس طرح بھاری تعدادمیں شرکت کرکے ملتان میں ایم کیوایم کے جلسہ عام کوکامیاب بنایااس کے بعدپنجاب میں ایم کیوایم کونظراندازنہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ یہ تحریک کے شہیدوں کی قربانیوں کاصدقہ ہے کہ ایم کیوایم کاپیغام پورے ملک میں پھیل رہاہے اورمحروم عوام ایم کیوایم میں شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے آل پاکستان متحدہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں سے کہاکہ وہ پنجاب میں تحریک کے پیغام کوتیزی سے پھیلانے کیلئے سرگرم ہوجائیں۔ الطا ف حسین نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کی سیاست میں پارٹیوں کیلئے قربانیاں دینے والے کارکنوں کوکیڑے مکوڑاسمجھا جاتا رہا ہے اورانہیں نظراندازکیاجاتارہاہے لیکن ایم کیوایم نے اپنے کارکنوں کوجس طرح عزت واحترام اورمقام و مرتبہ دیا ہے ۔اس نے آج دیگر جماعتوں کو بھی کارکنوں اوران کے مسائل کے بارے میں سوچنے پر مجبورکردیاہے۔ میں یہ بات فخرکے ساتھ کہہ سکتاہوں کہ جتنے باوفا، جانثاراورمحنتی کارکن اللہ تعالیٰ نے مجھے دیئے ہیں ایسے کارکن کسی کے پاس نہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی ہے کہ ایک چھوٹے سے گھرسے نکلنے والاالطاف حسین جوبسوں میں سفرکرکے اورہنڈاففٹی پر اپنا پیغام پھیلاتارہاآج اس کے چاہنے والے دنیابھرمیں موجودہیں۔تمام ایم کیوایم کے مخالف عناصرنے مجھ پر ہرطرح کے الزامات لگائے ہیں لیکن کوئی الطاف حسین پرکرپشن کاالزام نہیں لگاسکتا۔کوئی یہ نہیں کہہ سکتاکہ الطاف حسین نے ملک میں یاملک سے باہرکوئی جائیدادبنائی ہو۔ الطاف حسین نے ملتان زون کے ذمہ داران وکارکنان کوتلقین کی کہ وہ کہ جلسہ عام کی کامیابی پرغروروگھمنڈمیں مبتلاہونے کے بجائے ہرکسی سے خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.