26 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:21
بے نظیر بھٹوکی چوتھی برسی ، تقریبات کی تیاریاں جاری،سخت سیکیورٹی انتظامات
جنگ نیوز -
لاڑکانہ…جمہوریت کے لیے عظیم قربانی دینے والیں پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیربھٹو کی چوتھی برسی کے حوالے سے گڑھی خدا بخش میں منگل کو ہونے والی برسی کی تقریبات کے سلسلے میں ملک بھر سے کارکنوں اور رہنماؤں کے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچنا شروع ہوگئے ہیں،جبکہ برسی کے حوالے سے انتظامات جاری ہیں، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے لاڑکانہ اور گڑھی خدا بخش میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،واضح رہے کہ برسی کی تقریبات کے حوالے سے دن میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہونگے جبکہ ذرائع نے بتایا ہے کہ سہ پہر یا پھر شام کو صدر آصف علی زرداری،بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے دیگر اہم اور مرکزی رہنماء کارکنوں اور عوام سے خطاب کرینگے۔معلوم ہوا ہے کہ پیر کو دن بھر دیگر صوبوں اور شہروں سے کارکنوں کے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچتے رہے اور شہدا قبرستان میں جاکر اپنے شہید رہنماؤں کی آخری آرام گاہوں پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔یاد رہے کہ صدر زرداری پیر کوہی لاڑکانہ پہنچ چکے ہیں اور انھوں نے شہداء کے مزار پر پھولوں کے چادر بھی چڑھائے۔