27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 2:6
مسلم لیگ ن کا ہنگامی بنیادوں پر ناراض رہنماؤں کو منانے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
لاہور. . . ... . مسلم لیگ ن کی قیادت نے ہنگامی بنیادوں پر ناراض اور گوشہ نشیں رہنماوٴں کو منانے کا سلسلہ شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔نواز شریف اس سلسلے میں آج خیبر پخونخوا کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔پارٹی کی تنظیم سازی کیلئے چاروں صوبوں میں پارٹی انتخابات کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کا اجلاس صدر محمد نواز شریف کی صدارت میں ہوا،جس میں تنظیم سازی اور ناراض رہنماوٴں کو فعال بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف آج پشاور میں صابر شاہ ،سرانجام خان اور عبدالسبحان سمیت دیگر گوشہ نشیں رہنماوٴں سے ملاقاتیں کرکے ان کے تحفظات دور کریں گے۔وہ 28دسمبر کو مسلم لیگ ن کی صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔یہ بھی بتایا گیا کہ28دسمبر کو خیبر پختونخوا،2جنوری2012ء کوسندھ،4 جنوری کو پنجاب اور 6 جنوری کو بلوچستان میں پارٹی انتخابات کرائے جائیں گے۔نواز شریف نے کہا کہ ان کیخلاف جتنی بھی سازشیں کی جائیں، وہ اپنا سفر جاری رکھیں گے۔