تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 11:55

پریس کانفرنس کا مقصد عدلیہ کی تضحیک کرنا نہیں تھا،وزیراعظم کا جواب

جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میموکیس کے حوالے سے حکومتی شخصیات کی عدلیہ بارے تنقیدی نیوز کانفرنس پر وضاحتی جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوز کانفرنس کا مقصد کسی جج یا عدلیہ کی تضحیک کرنا نہیں تھا۔سپریم کورٹ نے میموکیس کی یکم دسمبر کو پہلی سماعت کے بعد بابراعوان اور دیگر حکومتی شخصیات نے سرکاری ادارے پی آئی ڈی میں تنقیدی نیوز کانفرنس کی۔ سپریم کورٹ نے اس کا نوٹس لے کر وزیراعظم کا موقف طلب کیا تھا۔ وزیر اعظم کے پہلے موقف پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے دو ٹوک موقف طلب کیا تھا۔ اٹارنی جنرل نے اب وزیراعظم کا 5 نکاتی جواب جمع کرایا ہے جس میں کہا گیاہے کہ وہ عدلیہ کا انتہائی احترام کرتے ہیں ، یکم دسمبر کی نیوز کانفرنس کا مقصد کسی جج یا عدلیہ کی تضحیک کرنا نہیں تھا،اس نیوز کانفرنس میں پارٹی کے چیف وِہپ، خزانہ اور اطلاعات کے سیکریٹریز ، وزیر اطلاعات اور پارٹی کے سینئر پارلیمنٹرینز موجود تھے۔ وزیراعظم نے لکھاہے کہ حکومت تقسیم اختیارات اور سول حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، پارٹی کا جو تاریخی موقف ہے، اس پر ان کے ذہن میں کوئی ابہام نہیں،بھٹو ریفرنس میں صدر آصف زرداری کا موقف بھٹو کی پالیسی کا تسلسل ہے۔وزیراعظم نے یہ موقف بھی اپنایا ہے کہ تین دہائیوں سے پی آئی ڈی آفس حکومتی جماعتوں کی نیوز کانفرنسز کے لئے استعمال ہوتا چلاآرہا ہے۔ دوسری جانب میموکیس میں ہی گزشتہ روز وفاق کی طرف سے وزارت داخلہ نے بھی ایک جواب جمع کرایا تھا جس میں یہ بھی سوال اٹھایاگیا ہے کہ اگر ڈی جی، آئی ایس آئی نے آرمی چیف کو منصوراعجاز سے ملاقات کے بارے 24 اکتوبر کوبتادیاتھا تو وزیراعظم کے علم میں اتنا عرصہ یہ بات کیوں نہیں لائی گئی؟

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.