27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 12:17
پشاور : بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، پینے کا پانی بھی ناپید، شہری پریشان
جنگ نیوز -
پشاور … بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے پشاور کے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔ شہر اور نواحی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پشاور کے علاقے گل بہار، حاجی کیمپ، سیٹھی ٹاوٴن، یکہ توت، کریم پورہ، فقیر آباد، قصہ خوانی، چارسدہ روڈ، یونیورسٹی روڈ، حیات آباد اور صدر سمیت اندرون شہر کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہے۔ نوتھیہ اور دیگر مقامات پر کئی دن سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث تاریکی ہے۔ بجلی کی طویل بندش سے شہر کے بیشتر علاقوں میں پینے کا پانی بھی ناپید ہوگیا ہے۔ پیسکو حکام کے مطابق ان کی طرف سے شیڈول کے مطابق 6گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے جبکہ اضافی لوڈ شیڈنگ سینٹرل کنٹرول روم سے کی جاتی ہے۔ لوڈ شیڈنگ سے عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ گذشتہ روز ورسک روڈ کے علاقے چل غزئی بابا میں مشتعل مظاہرین نے بجلی کے 4ٹاورز گرادیئے تھے۔