27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:22
بے نظیر بھٹو کی چوتھی برسی: ملک کے مختلف شہروں میں دعائیہ تقاریب
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹوشہید کی چوتھی برسی کے موقع پرکراچی ، لاہور، کوئٹہ اورپشاورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں قرآن خوانی، دعائیہ تقاریب ہوئیں اور لنگر تقسیم کیاگیا۔ شہید بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلیے کراچی میں بلاول ہاوٴس میں قرآن خوانی و فاتحہ خوانی ہوئی اور صدر مملکت کی جانب سے شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ لاہور میں سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی چوتھی برسی کے موقع پر گورنر ہاوٴس سمیت مختلف مقامات پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ گورنر ہاوٴس لاہور میں محترمہ بینظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی میں بیگم گورنرمسرت کھوسہ اور پیپلزپارٹی کے کارکن اور خواتین کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ میں بھی قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔ پیپلز یونٹی کی جانب سے پی آئی اے کے مرکزی دفتر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور مزارداتا صاحب پر بھی محترمہ بینظیر بھٹو کے لئے فاتحہ خوانی کا اہتمام کیاگیا جبکہ الحمراآرٹس کونسل میں شمعیں روشن کی گئیں۔ کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ سول سیکریٹریٹ میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اور لنگر کھلایا گیا۔ پشاور میں محترمہ کی چوتھی برسی کی قرآن خوانی میں پیپلزپارٹی کے ر ہنماوٴں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نوشہرہ کے علاقے پبی میں بھی پیپلزپارٹی کی شہیدقائد کی برسی کی تقریب ہوئی جبکہ مردان کے نواحی علاقے جھنڈے میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ مظفر آباد میں چوہدری لطیف اکبر کی رہائش گاہ پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جبکہ سینٹرل پریس کلب مظفرآباد سمیت ہٹیاں بالا ،چناری، کنٹرول لائن پر چکوٹھی، اٹھ مقام سمیت آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی قرآن خوانی ہوئی۔