تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:22

الطاف حسین کی جانب سے صدر زرداری کے خطاب کاخیرمقدم

جنگ نیوز -


لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے محترمہ بینظیربھٹوشہید کی برسی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین صدرمملکت آصف علی زرداری کے خطاب کاخیرمقدم کیاہے ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ صدرآصف زرداری نے اپنے خطاب میں ملک کے موجودہ حالات کے حوالے سے جن مثبت اورمتوازن خیالات کااظہارکیاہے وہ جمہوریت کے استحکام ،اداروں کے درمیان بہترتعلقات کے قیام اور ملک کی مجموعی صورتحال کی بہتری کی جانب ایک اچھاقدم ہے اوریہ قدم تمام جمہوریت پسندحلقوں کیلئے بھی باعث اطمینان ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ صدرآصف زرداری نے ملک کی معاشی واقتصادی صورتحال کی بہتری اورخارجہ پالیسی کے بارے میں بھی جوموٴقف اختیارکیاہے وہ خوش آئند اورملک کے مفادمیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اعتدال پسندانہ طرزعمل ہی جمہوریت کی بقاء کیلئے لازمی اورضروری ہے۔دریں اثناء الطاف حسین نے کہاہے کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو ایشیاء کی عظیم لیڈر تھیں جنہیں باطل قوتوں نے شہید کردیا۔ پیپلزپارٹی کی رہنماء محترمہ بے نظیر بھٹو کی چوتھی برسی کے موقع پرایک بیان میں انھوں نے کہاکہ غریب عوام کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے والے تمام جمہوریت پسندآج غمگین ہیں اوربے نظیر بھٹو کو خراج عقید ت پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو ایشیاء کی عظیم اور سچی لیڈر تھیں جوپاکستان میں جمہوریت کے فروغ ، جمہوری اداروں کے استحکام اورغریب عوام کے حقوق کیلئے عملی جدوجہد کرتی رہیں اور اسی جدوجہد کی پاداش میں باطل قوتوں نے انہیں شہید کردیا گیا۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محترمہ بے نظیر بھٹو کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام فرمائے ، سوگواراہل خانہ اوران کے چاہنے والے پیپلزپارٹی کے کارکنان کو صبرجمیل عطا کرے اور انہیں یہ ہمت وتوفیق عطا فرمائے کہ وہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹوکے نیک مشن ومقصد کو جاری رکھ سکیں۔(آمین)


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.