27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:22
لاہور: درجہ حرارت نقطہ انجمادپر، سردی کی لہر مزیدچند روز جاری رہنے کا امکان
جنگ نیوز -
لاہور … سردی کے موجودہ سیزن کے دوران لاہور میں پہلی بار درجہ حرارت نقطہ انجماد کو چْھو گیا ہے، محکمہ موسمیات نے آدھی رات کے بعد پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کی پیش گوئی کی ہے، موٹروے پولیس نے سفر کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ملک کے کئی دوسرے علاقوں کی طرح لاہور بھی ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور زیادہ سے زیادہ 19ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ہوا میں نمی صبح کے وقت 91 فیصد اور شام کے وقت 55 فی صد رہی۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں میں آدھی رات سے صبح تک دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ ادھر ترجمان موٹروے پولیس نے سفر کرنیوالوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری طور پر موٹر وے اور نیشنل ہائی ویز پر آنے سے گریز کیا جائے، فوگ لائٹس لگوائی جائیں، رفتار کم رکھی جائے اورقافلوں کی صورت میں سفر کیا جائے۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے اور یہ لہر آئندہ کچھ دنوں تک جاری رہے گی۔ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کچھ بہتری آئی ہے لیکن شمالی علاقوں کے پہاڑوں میں کہیں کہیں برفباری کا امکان ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملک کے مختلف شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت کچھ اس طرح رہا۔ اسلام آباد منفی 1، لاہور0، کوئٹہ منفی6، مظفرآباد 1، ملتان 2، کراچی 10، پشاور 1، گلگت منفی5، مری منفی2، فیصل آباد1 ڈگری سینٹی گریڈ۔