28 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 3:17
امریکا: پیپلزپارٹی ٹیکساس کے تحت بے نظیرشہید کی چوتھی برسی منائی گئی
جنگ نیوز -
امریکا: پیپلزپارٹی ٹیکساس کے تحت بے نظیرشہید کی چوتھی برسی منائی گئی
ڈیلاس …پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیربھٹو کی چوتھی برسی یہاں امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر ارونگ میں پاکستان پیپلز پارٹی نارتھ ٹیکساس کی جانب سے منائی گئی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں، ہمدردوں اور عہدیداروں نے شرکت کی اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لئیپارٹی کے جوائنٹ سیکریٹری امتیاز جان نے فاتحہ خوانی کرائی۔ اس موقع پر پی پی نارتھ ٹیکساس کے صدر راجہ زاہد اختر خانزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں سے انتقام پاکستان میں جمہور اور جمہوریت کے فروغ کو برقرار رکھ کر لیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے دکھ کو طاقت میں تبدیل کیا ہے اور پاکستان میں جمہوریت لاکر اور اداروں کو مضبوط کرکے ہم نے قاتلوں سے انتقام لے لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم برسی کے موقع پر یہ عہد کرتے ہیں کہ محترمہ کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ پیپلز پارٹی نارتھ ٹیکساس کے سینئر نائب صدر سید فیاض حسن نے کہاکہ محترمہ جب شہید کی گئیں تو آصف زرداری نے کہا تھا کہ پاکستان کھپے اور اب ہم یہ کہتے ہیں کی زرداری کھپے تاکہ وہ محترمہ کے چھوڑے ہوئے مشن کو مکمل کرسکیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری ظہور، کشمیری رہنما راجہ مظفر، ڈاکٹر غلام نبی، امتیاز جان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،جبکہ امریکہ کے معروف شاعر یونس اعجاز نے اپنے کلام کے ذریعہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں جبکہ آخر میں محترمہ کے ایصال ثواب کے لئے نیاز لنگر کا اہتمام کیاگیا۔