28 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 5:56
فیصل آباد:بچے اور والدین پر تشدد،ڈی ایس پی سمیت9اہلکاروں کیخلاف مقدمہ
جنگ نیوز -
فیصل آباد…فیصل آباد میں بچوں کی لڑائی پر مبینہ طور پر مخالف بچے اور اس کے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ڈی ایس پیسمیت 9پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے 12 گھنٹوں میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی تھی۔ واضح رہے کہ فیصل آباد کے علاقے مصطفیٰ آباد میں جواد نامی شخص نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے بیٹے احسن کا جھگڑا ایک روز قبل ان کے ہمسائے ڈی ایس پی ظفراللہ نیازی کے بیٹے سے ہوا تھا۔ جس پر منگل کے روز ڈی ایس پی کے بڑے بیٹے نے دوبارہ احسن سے جھگڑا کیا۔ اس کے بعد ڈی ایس پی اور اس کے ساتھیوں نے ان کے گھر میں گھس کر نہ صرف اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے بیٹے احسن پر بھی شدید تشدد کیا۔ معصوم بچے پر تشدد کے واقعے کے خلاف اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور انہوں نے زخمی احسن کو سرگودھا روڈ پر رکھ احتجاج کیا، ٹائر جلائے اور ڈی ایس پی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ڈی ایس پی ظفراللہ نیازی کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ واقعے کی اطلاع پر آئی جی پنجاب نے آر پی او فیصل آباد سے بارہ گھنٹوں میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی تھی جس پر آج ڈی ایس پی سمیت 9پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔