28 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 7:18
ملبورن ٹیسٹ:تیسرے دن کا کھیل، آسٹریلیا8 وکٹوں پر179 رنز
جنگ نیوز -
ملبورن…ملبورن ٹیسٹ کے تیسرے روزکھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں8وکٹوں کے نقصان پر179رنز بنالیے، اس طرح اسے بھارت کے خلاف230رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور اس کی دو وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ مائیک ہسی 79 اور پیٹنسن3 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن بھارت نے 214 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، لیکن راہول ڈریوڈاسکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے بین ہلفنہاس کی گیند پر بولڈ ہوگئے،لکشمن صرف دو رنز بناکر سڈل کا نشانہ بنے، کوہلی 11 اور کپتان دھونی نے صرف 6 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔اس طرح بھارت کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے 333 رنز کے جواب میں 282 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔یوں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں51 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ہلفنہاس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا آغاز کافی مایوس کن رہا اوراسے بھارتی بالرز کے سامنے مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ، پونٹنگ اور مائیک ہسی کے سوا کوئی بھی آسٹریلوی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، بھارتی بالر یادیو کے شاندار بالنگ کے باعث صرف 27 کے مجموعی اسکور پر اس کے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔اس موقع پر رکی پونٹنگ اور مائیک ہسی نے پانچویں وکٹ کی شرکت میں 115بناکر آسٹریلوی اننگز کو مستحکم کیا، پونٹنگ 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پونٹنگ اور مائیک ہسی کے سوا کوئی بھی آسٹریلوی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکا۔مائیک ہسی شاندار 79رنز پرکے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ یادیو نے 4 ، ظہیر خان نے 2 جبکہ اشانت شرما اور ایشوین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔