28 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 10:19
میمو کے پیچھے کون ہے،یہ جاننے سپریم کورٹ گیا، نواز شریف
جنگ نیوز -
پشاور… مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میمو کے پیچھے کون ہے، ملکی مفاد میں یہ جاننے سپریم کورٹ گیا، آج تک مشرقی پاکستان بنانے کے ذمہ داروں کے بارے میں رپورٹ نہیں آئی، بینظیر قتل ہو یا کارگل واقعہ کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ وہ خیبر پختونخوا کی مرکزی صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میمو گیٹ پر سپریم کورٹ ذاتی مفاد میں نہیں بلکہ ملکی مفاد میں گیا، چاہتا ہوں کے قوم کو اس معاملے سے متعلق حقائق کا پتہ چلے۔ انہوں نے کہا کہ آج مشرف کی پالیسیاں جاری رکھی جارہی ہیںِ عدالتی فیصلے روندے جارہے ہیں، اندھیر نگری چوپٹ راج ہے قوم کو اندھیرے میں رکھا ہوا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ڈرون حملوں نے فاٹا کو تباہ کر کے رکھ دیا، بموں اور ڈرون حملوں میں35ہزار جانیں جا چکیں، پاکستان کی آزادی اور خود مختاری پامال کی جارہی ہے، اسٹیل ملز بند اور ریلوے تباہی کے دہانے پر ہے، یہ ظلم کب تک چلے گا، قوم کے ساتھ جاری ظلم اب بند ہونا چاہیے، قوم عزم کرے کہ ملکی خود مختاری کیلئے میرا ساتھ دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر موقع ملا تو ملکی ترقی کا کام دوبارہ شروع کریں گے، ہمار انقلاب ہر قسم کی سونامی کو بہا لے جائے گا، تبدیلی کا نعرہ مارنے والوں کو کیا پتہ کہ ملک کیسے چلائے جاتے ہیں، وہ جب آئینگے تو تبدیلی لائیں گے، ہم تبدیلی لا کر دکھا چکے، تبدیلی لانے کا دعویٰ کرنے والے بھی پتہ نہیں آئینگے یا نہیں۔