28 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 13:56
مقدمات درج نہ ہونے پر آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب
جنگ نیوز -
لاہور … لاہور ہائی کورٹ نے سیشن عدالتوں کے حکم کے باوجود مقدمات درج نہ ہونے کے معاملے پر آئی جی پولیس پنجاب کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں کہ پولیس عدالتی احکامات کی تعمیل کیوں نہیں کرتی، عدالت نے قرار دیا کہ پولیس کی طرف سے مقدمات درج نہ کرنے کی وجہ سے عوام پریشان ہیں جبکہ عدالتوں پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔ عدالت کے روبرو قائم مقام آئی جی پولیس پنجاب پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواست گزار محمد انعام کا مقدمہ درج کرنے کے لئے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ میں کئی درخواستیں دائر کی گئی ہیں کہ پولیس سیشن ججوں کے احکامات پر عمل نہیں کررہی جس پر عدالت کو تشویش ہے، آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے کہ پولیس کو عدالتی احکامات ماننے میں کیا دشواری ہے۔