28 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:23
پنجاب اسمبلی:اپوزیشن کی ترامیم مسترد،لوکل گورنمنٹ بل منظور
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم مسترد کرتے ہوئے لوکل گورنمنٹ بل منظور کر لیا ہے،بل کے تحت پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی مدت میں مزید 180 دنوں کی توسیع دے دی گئی ہے، جبکہ اب گریڈ 20 کی بجائے کسی بھی گریڈکے آ فیسر کو ڈی سی او تعینات کیا جا سکے گا۔ بدھ کے روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا اقبال کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران 6بار کورم کی نشاندہی کی گئی،جبکہ 5بار کورم پورا کرنے کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں،ایک بار آدھے گھنٹے کیلئے اجلاس ملتوی بھی کرنا پڑا،اجلاس جاری رکھنے کیلئے اس کے دورانیے میں مختلف اوقات میں 3گھنٹے کی توسیع بھی کی گئی،حکومتی بنچوں نے لوکل گورنمنٹ بل منظوری کیلئے پیش کیا،اپوزیشن جماعتوں نے بل میں ترامیم پیش کیں،جو مسترد کر دی گئیں،اوراکثریتی رائے سے بل منظور کرلیا گیا،بل کے تحت پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی مدت میں مزید 180 دنوں کی توسیع کر دی گئی ہے،جبکہ اب گریڈ 20 کی بجائے کسی بھی گریڈ کے آفیسر کو ڈی سی او بھی تعینات کیا جا سکے گا،پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا