29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 3:23
سعودی خواتین کی بارڈر فورسز میں شمولیت ، مردوں کے برابرمراعات
جنگ نیوز -
ریاض ... حال ہی میں میٹرک پاس سعودی خواتین نے سعودی بارڈر فورسز میں شمولیت اختیار کی ہے جہاں ان کو مرد اہلکاروں کے برابر عہدے دیے گئے ہیں۔ مردوں کے مساوی اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی کے باوجود خواتین اہلکاروں کی خدمات میں کسی قسم کا فرق نہیں پڑا اور وہ نہایت کامیابی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کر رہی ہیں۔سعودی بارڈر فورسز کے ترجمان کرنل سالم صالح السلمی کا کہنا ہے کہ"بارڈر فورسز میں تعینات خواتین اہلکار مکمل اسلامی شرعی حدود و قیود کے اندر رہ کر کام کرتی ہیں۔ اس دوران ان سے صرف سیکیورٹی سے متعلق کام نہیں لیا جاتا بلکہ وہ حکام کو مطلوب خواتین اور کم عمر افراد کو گرفتار کرنے اور جیلوں میں خواتین سے تفتیش کے دوران بھی موجود ہوتی ہیں۔بارڈر فورسز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فوجی خاتون اہلکار عسکری خدمات کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ رفاہ عامہ کے کاموں اور رضاکار یونٹوں میں بھی کام کرتی ہیں۔ ملک کے مشرقی علاقوں میں خواتین اہلکاروں سے مختلف قسم کی رضا کارانہ سرگرمیوں میں خدمات حاصل کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔