29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 6:56
لاہور:قوالی فیسٹیول میں حاضرین پر وجد کی کیفیت طاری
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں جاری قوالی فیسٹیول میں معروف قوالوں کی شاندار پرفارمنس جاری ہے۔ دوسرے روز بھی صوفی کلام پر اپنے فن کے جوہر دکھا کر قوالوں نے حاضرین پر وجد کی کیفیت طاری کر دی۔نیشنل کونسل آف دی آرٹس اور لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام لاہور میں تین روزہ قوالی فیسٹیول جاری ہے۔ صوفیانہ کلام پر مبنی قوالیوں نے دوسرے روز بھی سننے والوں پر سحر طاری کیے رکھا۔ دوسرے روز فیصل آباد سے استاد شیر علی اور استاد مہر علی خان، پاکپتن سے شیر میانداد، منڈی بھاو الدین سے تنویر سلامت نوشاہی اور گوجرانوالہ سے اختر شریف صابر حسین روپ والے نے اپنے فن کے جوہر دکھائے اور ہال میں سماء باندھے رکھا۔ فیسٹیول کے آخری روز بھی ملک کے چار معروف قوال سٹیج پر جلوہ گر ہو کر اپنی قوالیاں پرفارم کر کے شائقین کو محظوظ کریں گے۔