29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 11:8
9سال کی عمر میں آئی ٹی ماہر بننے والی ارفع کریم کی حالت تشویشناک
جنگ نیوز -
لاہور… نو سال کی عمر میں دنیا کی کم عمرترین مائیکرو سافٹ انجینئر کا اعزاز حاصل کرنے والی پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ ارفع کریم رندھاوا کی حالت مزید بگڑ گئی، ارفع کے والد کا کہنا ہے کہ ارفع کی حالت انتہائی نازک ہے۔ لاہورکے ایک نجی اسکول میں اے لیول کی طالبہ ارفع کریم رندھاوا کا تعلق پنجاب کے ضلع فیصل آباد سے ہے ان کے والد امجد کریم فوج کے رٹائرڈ کرنل ہیں، ارفع کو 2004ء میں نو سال کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسوفٹ سرٹیفائڈ پروفیشنل کا اعزاز ملا، جس پر مائیکرو سوفٹ کے مالک بل گیٹس نے اسے ملاقات کے لئے خصوصی طور پر امریکہ میں اپنے ہیڈ کوارٹر مدعو کیا۔ارفع کو پاکستان کا اعلیٰ سول اعزاز صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا،2005ء میں ارفع کو سائنس و ٹیکنالوجی فاطمہ جناح گولڈ میڈل اور اسی سال سلام پاکستان یوتھ صدارتی ایوارڈ جبکہ میر خلیل الرحمان فاوٴنڈیشن کی جانب سے بھی ایوارڈ بھی دیا گیا،کم عمری میں مائیکرو سوفٹ پروفیشنل کے طور پر رجسٹرڈ ہونے والی ارفع کریم جوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے سے قبل ہی سولہ سال کی عمر میں مرگی کادورہ پڑنے سے کومے میں چلی گئیں، سی ایم ایچ لاہور میں زیرعلاج ارفع کے والد امجد کریم کا کہنا ہے کہارفع گذتہ ایک ہفتہ سے قومے میں ہیں اور اس کی حالت نازک ہے اوراس کی صحت یابی کیلئے دعا کی جائے۔