29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 14:46
پینٹاگون کی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں،دفتر خارجہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد …ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ سلالہ میں نیٹوحملے پر پینٹاگون کی تحقیقاتی رپورٹ کا متعلقہ حکام جائزہ لے رہے ہیں، روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے جب کہ امریکا سے تعلقات باہمی احترام کی بنیاد پر چاہتے ہیں ۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں رواں سال کے آخری نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان عبدالباسط کا کہنا تھا کہ امریکا میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے کانگریس ممبران کو ایک میمو دیا گیا ہے جو پینٹاگون رپورٹ کے حقائق سے دور ہونے پر پاکستان کا ابتدائی جواب ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا سے بات چیت کا عمل جاری ہے، ہم ایسے تعلقات چاہتے ہیں جو شفاف ہوں اور باہمی احترام پر مبنی ہوں، نیٹو حملوں کے بعد ابھی تک کوئی دو طرفہ دورہ ترتیب نہیں دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا میں کشتی حادثے میں ملنے والی تما م 103 لاشیں ناقابل شناخت ہیں، بلوچستان سے ہزارہ برادری کا چار رکنی وفد جکارتا پہنچ چکا ہے۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ تمام موسموں کے دوست چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم اور بنیادی حصہ ہیں، روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے ،ایران سے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں، ترکی سے روابطہ بردارانہ ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان مسلم ممالک سے اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ افریقی ممالک سے بھی روابط گہرے کیے جائیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ترقی میں ہزاروں پاکستانی شریک ہیں، عالمی امن و ترقی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔