29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 15:8
قوم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے،رویہ بدلنا ہوگا،جاوید ہاشمی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…مسلم لیگ ن سے ترک تعلق کرکے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے معروف رہنماء جاوید ہاشمی نے جمعرات کی شام قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا۔اس طرح انھوں نے اصولی سیاست کے حوالے سے ایک بار پھر تاریخ رقم کی۔اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیماب صفت رہنماء نے کہا کہ ہم کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا، قوم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کرتے ہمیں اس حوالے سے اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ہم اپنی بادشاہت میں لگے ہوئے ہیں۔ن لیگ کے کارکنوں کا شکر گزار ہوں کہ انھوں ماضی میں مجھے اپنی پارٹی کا نائب صدر منتخب کیا،تاہم ن لیگ کے کارکنوں کے مینڈیٹ کا اچھا حشر نہیں ہوا۔پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے، انکے اس خطاب کے موقع پر قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارتی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے انھیں کھڑے ہوکر خراج تحسین پیش کیا۔جاوید ہاشمی نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ الیکشن ہوجائے تو اچھا ہے، اس سے قابل اعتماد قیادت آسکتی ہے۔نواز شریف کی عزت کرتا ہوں اور انھیں اچھے مشورے دیئے۔ہم 2008میں خوب وعدے کرکے آئے لیکن اکٹھے نہ چل سکے۔47ارکان اب تک استعفے دے چکے ہیں اگر ایسی ہی صورتحال رہی تو کچھ عرصے میں اسمبلیاں خالی ہوجائیں گی، وزیراعظم انتخابات کرادیں اگر عوام انھیں ووٹ دیں تو وزیراعظم بننا انکا حق ہوگا۔قوم اس لمحے مشکلات میں گھر ی ہوئی ہے، ہمیں پاکستان کو امریکی دباؤسے بچانا ہوگا۔دریں اثناء مخدوم جاوید ہاشمی کی صاحبزادی اور قومی اسمبلی کی رکن میمونہ ہاشمی نے بھی قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیدیا۔