تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 15:34

فاٹاسمیت ملک بھرکے مظلوموں کے حقوق کی بھرپورحمایت کرتے ہیں،الطاف حسین

جنگ نیوز -


لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ایک حق پرست جماعت ہے اوروہ فاٹاسمیت ملک بھرکے تمام مظلوموں کے حقوق کی بھرپورحمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے یہ بات فاٹا کے رہنمااور رکن قومی اسمبلی حمیداللہ جان آفریدی سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر حمید اللہ جان آفریدی نے الطاف حسین کو فاٹاکی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی عوام پہلے ہی مظالم کاشکارہیں اوراب فاٹاکوصوبہ خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ فاٹاکے وسائل اورمعدنیات پر خیبرپختونخوا کاکنٹرول ہو،فاٹاہمیشہ سے ایک آزادعلاقہ رہاہے اوروہ خیبرپختونخوامیں ضم ہونانہیں چاہتا، بلکہ فاٹاکے عوام اپنے لئے ایک الگ کونسل اور خودمختارصوبہ چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے فیصلے خودکرسکیں۔ حمیداللہ جان آفریدی نے الطاف حسین سے کہاکہ آپ نے سرائیکی صوبہ اور ہزارہ صوبہ کے حق میں آوازاٹھائی ہے ،فاٹاکے عوام بھی آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں ، ہمیں آپ سے بہت امیدیں ہیں کہ آپ اپنی آوازمیں قبائلی عوام کے مطالبات کو بھی شامل کریں گے۔ الطاف حسین نے حمیداللہ جان آفریدی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ فاٹاکے عوام پرجومظالم ہوئے ہیں ہمیں اس پرانتہائی دکھ اوررنج ہے ،ہم فاٹاکے عوام کے غم میں برابرکے شریک ہیں اورہماری تمام ترہمدردیاں انکے ساتھ ہیں۔ہم نے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی بھی ہمیشہ مخالفت کی ،قومی اسمبلی میں ڈرون حملوں کے خلاف قراردادمنظورکروائی اورہرفورم پر اس کے خلاف آوازاٹھائی۔ الطاف حسین نے فاٹا کوالگ صوبہ بنانے کے حوالے سے کہاکہ وہ یہ معاملہ رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھیں گے ، ایم کیوایم ایک حق پرست جماعت ہے اوروہ فاٹاسمیت ملک بھرکے مظلوموں کے حقوق کی حمایت کرتی ہے اورسمجھتی ہے کہ فاٹا کے عوام کی بھی خواہشات اورامنگوں کاخیال رکھا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگرفاٹاکے عوا م متفقہ طورپر اپنے لئے الگ صوبہ چاہتے ہیں تو ایم کیوایم بھی ان کے مطالبہ کی بھرپورتائیدکرے گی ۔الطاف حسین نے حمیداللہ جان آفریدی سے کہاکہ آپ فاٹاکے عوام کومیری جانب سے خیرسگالی کاپیغام دیدیجئے اورانہیں بتایئے کہ ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی تمام مظلوم قوموں کے حقوق کی حمایت کی ہے ، آج بھی کررہی ہے اورآئندہ بھی کرتی رہے گی۔حمیداللہ جان آفریدی نے فاٹا کے بارے میں الطاف حسین کے خیالات کازبردست خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ آپ واقعی مظلوموں کے ہمدردہیں ،اسی وجہ سے ہم آپ اورآپ کی پالیسیوں کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے فاٹاکے عوام کی جانب سے الطاف حسین کاشکریہ اداکیا۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.