تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 16:8

جاپان میں شہید بینظیر بھٹو کی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

جنگ نیوز -
ٹوکیو…نمائندہ خصوصی…پیپلز پارٹی جاپان کے زیرِ اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی چوتھی برسی بڑی عقیدت و احترام سے منائی گئی جس میں کارکنوں ، سینئر رہنماؤں اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت عبدالرحمن صدیقی عابد نیجبکہ نظامت کے فرائض پی پی جاپان کے انفارمیشن سیکریٹری رانا امتیاز نے ادا کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے صدر نعیم الغنی آرائیں نے مختلف مقامات سے آئے ہوئے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے خلاف اسی دن سے سازشیں شروع ہو چکی تھیں جس دن قائدِ اعظم کی جدو جہد و بصیرت کی بدولت پاکستان وجود میں آیا۔اس سازش کا نتیجہ کشمیر کی صورت میں ہمارے سامنے آیا انہوں نے کہا کہ ان سازشوں کا دائرہ کار اتنا طویل ہوا کہ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان آئیں تو انہیں معلوم تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں 27 دسمبر کو شہید کردیا گیا ۔نعیم الغنی آرائیں نے مزید کہا کہ یہ سلسلہ یہیں پر ختم نہیں ہوا بلکہ ہنوز جاری ہے ۔انھوں نے کہا کہ آج ملک میں بد امنی پھیلانے کے لئے ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں جن کا پاکستان سے دور دور کا بھی تعلق نہیں ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر پاکستان کو بچانے کی کوشش کرنا ہوگی۔ نائب صدر مرزا خلیل بیگ نے اپنے خطاب میں شہید بی بی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹونے پاکستان میں جمہوریت قائم کی اور ملک کے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور وہ ایک عورت ہو کر بھی نہایت ہی بہادری سے ملک دشمن عناصر سے نبرد آزما ہوتی رہیں۔سائیں سلیم شیرو نے نعیم آرائیں کی شاندار قیادت پر انھیں خراجِ تحسین پیش کیا ۔دیگر مقررین میں سابق صدر رفاقت شاہ، سید مسعود حیدر ہاشمی، ندا خان اچکزئی ، طاہر مجید، رانا عامر، ملک وسیم، عبدالاحد بٹ، الطاف محمود بٹ،حاجی چوہدری الیاس، اصغر حسین،حاجی خسرو خان، انعام الحق، ملک رشید اعوان، چوہدری تصدق جاوید شامل تھے ۔بعد ازاں عبدالرحمن صدیقی نے شہید محترمہ کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا ۔


















متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.