29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 16:57
بھارت کوایم ایف این دینے کے معاملے پر وزارت تجارت وضاحت کرے گی،فضل الرحمن
جنگ نیوز -
اسلام آباد … دفترخارجہ کے حکام نے قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کو بتایا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری معاہدے میں مزید پانچ سال کی توسیع کردی گئی ہے۔چیئرمین کشمیرکمیٹی مولانا فضل الرحمان کاکہناہے کہ بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کے معاملے پر وزارت تجارت وضاحت کرے گی۔ قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں کمیٹی کے چیئرمین مولانافضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا۔وزارت خارجہ کے حکام نے کمیٹی کوبریفننگ دی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفت گو میں مولانا فضل الرحمان کاکہناتھاکہ چین کے ساتھ دوستی،ایٹمی پروگرام اور کشمیر کے معاملے پر دفترخارجہ کے ساتھ ہیں۔ پاک بھارت جامع مذاکرات میں کشمیر کو دیگر معاملات سے الگ نہیں رکھا جاسکتا۔ پانچ فروری کو یوم یک جہتی کشمیرمنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔