29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 17:36
سرجن باقر شاہ قتل کیس:پولیس ٹیم کی تشکیل،کئی علاقوں میں چھاپے
جنگ نیوز -
کوئٹہ …بالاخر کوئٹہ پولیس کو ڈاکٹر باقر شاہ کے قتل کے آٹھ گھنٹے بعد ہوش آگیااوراس نے ڈاکٹر باقر شاہ قتل کیس کی تحقیقات کے لیے تین رکنی ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے ڈاکٹر باقر شاہ کو سیکیورٹی کی عدم فراہمی پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔دریں اثناء پولیس کی تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن ،ایس پی اور ڈی ایس پی سریاب شامل ہیں۔جس کے بعد پولیس نے شہر کے مختلف میں چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔واضح رہے کہ سرجن باقر شاہ کو آج سہ پہر اس وقت دن دیہاڑے قتل کردیا گیا تھا جب وہ اپنی ڈیوٹی کے بعد گھر جارہے تھے، ان پرنائن ایم ایم سے فائرنگ کی گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور اسپتال پہنچنے سے قبل ہی جاں بحق ہوگئے۔ان پر اس سال جون میں بھی قاتلانہ حملہ ہوا تھا تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔یاد رہے کہ سرجن ڈاکٹر باقر شاہ اس میڈیکل ٹیم کے سربراہ تھے جس نے کوئٹہ کے قریب خروٹ آباد میں پیش آنے والے قتل عام کے واقعے کے بعد روسی مقتولین کا پوسٹ مارٹم کیا تھا اور انتہائی غیرجانبدارانہ رپورٹ پیش کی تھی جس کے نتیجے میں انھیں کافی دباؤ کا سامنا بھی رہا تھا۔