29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:9
ڈربن ٹیسٹ:سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو 208رنز سے ہرادیا
جنگ نیوز -
ڈربن…سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہاں کنگز میڈ گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پروٹیز کو 208کے بڑے مارجن سے ہراکر میچ اپنے نام کرلیا۔اس سے قبل میچ کے چوتھے روزسری لنکا نے پروٹیز کو میچ جیتنے کے لیے 449جیسا بڑا پہاڑ کی طرح کا ہدف دیا، تاہم جب صرف37پر اسمتھ جیسے بیٹسمین کو پویلین روانہ کیا گیا تو اندازہ ہوگیا تھا کہ پروٹیز کیلیے یہ میچ جیتنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگا۔بس پھر کیا تھا آئی لینڈرز بالخصوص رنگانہ ہیراتھ نے پروٹیز کی لائن لگادی، اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے لگیں اور پوری میزبان سائیڈ 241پر ڈھیر ہوگئی۔سوائے ان فارم بیٹسمین ہاشم آملہ51،ابراہم ڈی ویلیئرز69اور ڈیل اسٹین 43کے علاوہ کوئی افریقی بیٹسمین آئی لینڈرز کے بولروں کا زیادہ دیر مقابلہ نہ کرسکا۔سری لنکا کی جیت میں مرکزی کردار ہیراتھ نے ادا کیا اور پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔جبکہ دیگر بولروں میں دلہارا فرنانڈو نے دو، کپتان دلشان اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں بہترین بولنگ پرفارمنس پر رنگانہ ہیراتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔