29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:35
سرائیکی اور ہزارہ صوبہ کی قرارداد جمع کرانے پرعوام کو الطاف حسین کی مبارکباد
جنگ نیوز -
لندن…ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے قومی اسمبلی میں حق پرست ارکان اسمبلی کی جانب سے سرائیکی صوبہ اور ہزارہ صوبہ کی قرارداد جمع کرانے پرجنوبی پنجاب اورہزاروال کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم زبانی دعوے نہیں کرتی بلکہ عملیت پسندی پر یقین رکھتی ہے ۔ قبل ازیں ایم کیوایم ایبٹ آباد زون کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم محکوموں اور مظلوموں کی نمائندہ جماعت ہے اور مظلوم عوام کی خواہشات اور امنگوں کا احترام کرتی ہے ۔ انشاء اللہ ایم کیوایم کی جانب سے ایوانوں میں سرائیکی صوبے اور ہزارہ صوبے کی قراردادیں پیش ہونے پرجنوبی پنجاب اور ہزاروال میں جشن کا سماں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کی سیاست کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ خلق خدا کی خدمت ہے ، مجھے اپنے لئے کچھ نہیں چاہئے ، میں غریبوں ، محروموں اور محکوموں کیلئے پرسکون زندگی اور ان کے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد کرتارہاہوں اور آخری سانس تک کرتا رہونگا۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کی باتوں میں جھوٹ اوربناوٹ نہیں ہے ،تحریک کے کارکنان جانتے ہیں کہ الطاف حسین نہ صرف اپنے کارکنان کی عزت کرتا ہے بلکہ گزشتہ کئی برسوں سے ان سے مستقل رابطہ میں بھی ہے ،الطاف حسین نے کبھی اپنے کارکنان کو نظراندازنہیں کیا اورعام انتخابات میں اپنے بہن بھائیوں کو پارٹی ٹکٹ دینے کے بجائے غریب کارکنوں کو منتخب کرواکر ایوانوں میں بھیجا۔ الطاف حسین نے ملک وبیرون ملک کوئی جائیدادیں نہیں بنائیں ، میراآج بھی وہی 120 گز کا گھر ہے جوکہ میری والدہ مرحومہ کے نام ہے ۔انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں کوئی ایساسیاسی رہنما نہیں ہے جس کی میری طرح 120 گز کے گھر کی جائیداد ہو۔ ناظم اعلیٰ کراچی نے ترقیاتی کام کرکے پورا کراچی بدل دیا لیکن نہ تو انہوں نے الطاف حسین کوبنگلہ بناکردیا اور نہ ہی الطاف حسین نے اس قسم کی فرمائش کی۔ انہوں نے کہاکہ حق پرستی کا یہ پیغام ملک بھر میں پھیل رہا ہے اور پاکستان کی تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افرادایم کیوایم کے پرچم تلے جمع ہورہے ہیں۔انشاء اللہ ملک بھر کے مظلوم عوام کا یہ اتحاد رنگ لائے گا ،مظلوم عوام کی جدوجہد سے ملک میں پرامن عوامی انقلاب آئے گا، ملک پر 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے تعلیم یافتہ اور ایماندار افراد کی حکومت قائم ہوگی اورعوام کوجاگیرداروں ، وڈیروں اور لٹیروں کے تسلط سے نجات حاصل ہوگی ۔انھوں نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ مارچ 2012ء میں ہزاروال کے علاقے میں ایم کیوایم کے تاریخی جلسہ عام کی تیاریاں شروع کردیں اور جلسہ عام کے سلسلے میں ہزاروال کے کارکنان اور ہمدرد عوام سے رابطوں کا آغاز کردیا جائے۔ الطاف حسین نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ غریب ومتوسط طبقہ کی جماعت ہے اور ملک کے دیگر حصوں کی طرح ایبٹ آباد اور ہزاروال کے کارکنان بھی محنت مزدوری کرتے ہیں اورانہیں کوئی جیب خرچ نہیں ملتا اس کے باوجود وہ مظلوم عوام کے حقوق کیلئے رات دن محنت ولگن سے جدوجہد کررہے ہیں جس پر ایک ایک کارکن زبردست خراج تحسین کا مستحق ہے ۔