29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:8
اندرون سندھ متاثرین سیلاب کے گھروں کی تعمیر شروع کردی،اقتدار حیدر
جنگ نیوز -
کراچی…خدیجة الکبریٰ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اندرون سندھ میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ گھروں کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ فاؤنڈیشن نے اندرون سندھ کے علاقے ٹندو الہ یار کے تعلقہ چمبڑ میں گوٹھ سعید خان لغاری میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تباہی کے سبب منہدم ہو جانے والے اکیس گھروں کی از سر نو تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے ۔اس کے بعد اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے منہدم مکانات کی تعمیر کا کام انجام دیا جائے گا۔خدیجة الکبریٰ فاؤنڈیشن کے ذمہ دار اقتدار حیدر نے بتایا ہے کہ تحصیل ٹنڈو الہ یار کے تعلقہ چمبڑکے گوٹھ سعید خان لغاری میں متعدد مکانات جو کہ سیلاب اور بارش کی تباہ کاریوں سے بالکل منہدم ہو چکے تھے،ہم نے ان مکانات کو از سر نو تعمیر کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلہ میں پہلے مرحلہ میں اکیس مکانات کو از سر نو تعمیر کرنے کا کام شروع کیاجا چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں چمبڑ کے محلہ خدیجة الکبریٰ سمیت اندرون سندھ کے دیگرعلاقوں میں بھی تعمیرات کا کام شروع کیا جائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ چمبڑ میں مزیددو سو مکانات کی تعمیر کا کام بھی دوسرے مرحلہ میں انشا اللہ رواں سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ خدیجة الکبریٰ فاؤنڈیشن نے سندھ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے تباہ ہو جانے والے مکانات کی تعمیر کا بیڑہ اٹھایا ہے اس سے قبل بھی خدیجة الکبریٰ فاؤنڈیشن نے اندرون سندھ کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں چار ہزارخاندانوں کے لئے راشن تقسیم کئے تھے جبکہ کمبل اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء بھی فراہم کی گئی تھیں ۔