29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 18:42
کوئٹہ،سرجن باقرشاہ قتل تحقیقات کیلیے3رکنی ٹیم تشکیل
اے آر وائی - کوئٹہ میں پولیس سرجن ڈاکٹر باقرشاہ کے قتل کے بعد پولیس کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دید ی گئی, مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران بیس مشتبہ افرا دحراست میں لے لئے گئے۔
پولیس سرجن کو سیکورٹی فراہم نہ کرنے پر وزیر اعلی بلوچستان نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ واقعے کے چھ گھنٹے بعد تشکیل دی جانے والی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایس پی انوسٹی گیشن امان اللہ کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں ایس پی سریاب فرید بڑیچ اور ڈی ایس پی سریاب نورمحمد شامل ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم سترہ مئی کو پیش آنے والے خروٹ آباد سانحے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری اور اہم گواہ ہونے کی بناء پر اس معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر باقر شاہ قتل کیس کی تحقیقات کریگی،دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی نے ڈاکٹر باقر شاہ کو مناسب سیکورٹی فراہم نہ کئے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام کو فوری رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ،پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ،اور بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔