29 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:19
کشیدگی کم کرنے، ہم آہنگی میں علماء نے اہم کردار ادا کیا، گورنر سندھ
جنگ نیوز -
کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ہر نازک موقع پر اشتعال و کشیدگی کم کرنے اور صوبے میں ہم آہنگی کی فضاء قائم کرنے میں علمائے کرام نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے وفاق المدارس کے جنرل سیکریٹری قاری محمد حنیف جالندھری کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد میں قاری محمد عثمان، مولانا اسد تھانوی، مفتی محمد نعیم سمیت دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر صوبے اور شہر میں ہم آہنگی اور بھائی چارگی کی فضا خراب کرنا چاہتے ہیں اور وہ مختلف حربوں سے آپس میں اشتعال دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی مشینری، علمائے کرام اور عوام کے تعاون نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔