30 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 3:8
ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں
جنگ نیوز -
ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔جبکہ گیس کے کم پریشر نے شہریوں کو پریشان کررکھا ہے۔رواں موسم سرما کے آغاز ہی سے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔گلگت،ہنزہ،اسکردو اور استور میں درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے گرا ہوا ہے۔غذر کے پہاڑوں پر گزشتہ روز شروع ہونے والا برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہیاور موسم آج جزوی طور پر ابر آلود ہے۔نشیبی علاقوں میں خشک سردی میں اضافہ ہورہا ہے۔بالائی علاقوں میں شہری نمونیا اور دیگر موسمی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ایبٹ آباد اور گلیات میں صبح اور رات کے وقت درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر جاتا ہے جس سے شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور گیس کا پریشر کم ہونے سے بھی لوگ انتہائی پریشان ہیں۔کرم ایجنسی اور پاراچنار سمیت قبائلی علاقوں میں موسم سرد ہے۔گیس کے کم پریشر اور جلانے کی لکڑیوں کی قیمتیں روز بروز بڑھنے سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔