30 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 5:35
فیصل آباد میں صنعتوں کی گیس بند کیے جانے پر احتجاج کا اعلان
جنگ نیوز -
فیصل آباد …فیصل آباد میں آج سے صنعتوں کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت تک بند کردی گئی۔صنعت کاروں نے گیس کی بندش کے خلاف روزانہ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔فیصل آباد کے صنعت کاروں کے احتجاجی مظاہروں،دھرنوں اور الٹی میٹمز کے نتیجے میں گیس بندش کا دورانیہ کم تو کیا ہونا تھا،ریجن بھر میں آج سے غیر معینہ مدت کے لئے صنعتوں کو گیس کی فراہمی ہی بندکردی گئی ہے۔ہفتے میں چار روز گیس بندش سے صنعتوں میں پیداواری عمل پہلے ہی سست تھاجو اب مکمل بند ہوچکا ہے۔ صنعتوں کی مستقل بندش سے لاکھوں افراد کے بے روزگارہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ روز سوئی ناردرن کی جانب سے نوٹس ملنے پر صنعتی تنظیموں کی جانب سے ہنگامی اجلاس بلایا گیا جس میں چیرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن رانا عارف توصیف نے کہا کہ صنعت کاروں کو کسی بھی صورت یہ فیصلہ قبول نہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج ہر روز جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو پھر تمام صنعت کار لانگ مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد تک جائیں گے۔