30 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 14:19
عطا آباد جھیل جمنے سے شہری محصور، چترال میں جلانے کی لکڑی مہنگی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…چترال میں جلانے کی لکڑی مہنگی ہونے کی وجہ سے لوگ قریبی درختوں کی لکڑیاں کاٹ کر بطور ایندھن استعمال کررہے ہیں، ادھرعطا آباد جھیل جمنے سے تحصیل گوجال کے لوگ محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ چترال میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جلانے والی لکڑی کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہے، ڈیڑھ ماہ سے لواری ٹاپ بند ہونے سے لوگوں کو آمد و رفت کے لئے لمبا راستہ اختیار کرنا پڑرہا ہے، ہنزہ نگر کی تحصیل گوجال میں عطا آباد جھیل جمنے سے مقامی آبادی محصور ہوکررہ گئی ہے، متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ جان خطرے میں ڈال کرجھیل کی برف توڑ توڑ کر کشتیاں گزار رہے ہیں، استور، غذر اور اسکردو میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے، ایبٹ آباد اور گلیات میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر کم ہونے سے لوگ مشکل میں ہیں، کرم ایجنسی اور پارا چنار سمیت قبائلی علاقوں میں موسم سرد ہے۔ گیس کے کم پریشر اور لکڑی کی قیمت روز بروز بڑھنے سے عوام کو مشکلات کا سامناہے۔