31 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 8:36
ڈاکٹر باقر کے قتل کی مذمت کرتاہوں،بیان نہیں دینا چاہتا، وزیراعظم
جنگ نیوز -
ملتان…وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خروٹ آباد واقعہ کے پولیس سرجن ڈاکٹر باقر شاہ کے قتل پر کوئی بیان نہیں دینا چاہتے لیکن اُن کے قتل کی پر زور مذمت کرتا ہوں انکوائری کے بعد قاتلوں کو جلد از جلد پکڑا جائے گا۔یہ بات انہوں نے ملتان میں سرکاری ٹیلی ویژن سینٹر کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر کہی ،ان کا کہنا تھا ایم کیو ایم کی جانب سے سرائیکی صوبے کی قرارداد پیش کرنے پر خوش ہوں ،مفاہمت کے ساتھ اس معاملہ کو آگے بڑھائیں گے اور سرائیکی صوبے کو صوبائی اور قومی اسمبلی کے ایوانوں میں اٹھائیں گے ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرائیکی صوبہ بنائیں گے اورسرکاری ٹیلی ویژن سینٹر کی نئی عمارت کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے اس خطہ کو علیحدہ صوبہ تسلیم کر لیا ہے۔ میمو معاملہ کے سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ اس کا جواب ججز سے پوچھیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور صدر پاکستان کے تعلقات خوشگوار ہیں، بھارت کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات اچھے ہیں، پائیدار امن کے لئے مزید کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راتوں رات آنے والی جماعتیں راتوں رات ختم ہو جاتی ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کو ایسی جماعتوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے جو مقبولیت کی خواہش مند ہوں ۔وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے صرف پاکستان کا نہیں اور عوام یہ جانتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیالات متضاد نہیں ہیں یہ انگریزی ترجمہ کا مسئلہ ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں ڈبل پھاٹک فلائی اوور اور رنگ روڈ کا افتتاح کیا جس پر 15 سو 96 ملین روہے کی لاگت آئی ۔