31 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 8:36
بجلی کی کمی 3500 میگا واٹ ، پنجاب بھر میں بد ترین لوڈ شیڈنگ
جنگ نیوز -
لاہور … لاہور سمیت پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال اور تاجروں کا کاروبار تباہ کر رکھا ہے تاہم پیپکو کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا، پیپکو کے اعداد وشمار کے مطابق بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ پر برقرار ہے، بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ 8 سے 10 گھنٹے جبکہ دیہات میں 18 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے، تربیلا اور منگلا سے پانی کا اخراج مزید کم ہونے سے ہائیڈل پیداوار 1500 میگاواٹ رہ گئی ہے، بجلی کی پیداوار 8 ہزار 500 میگا واٹ جبکہ ڈیمانڈ 12 ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ ہے، پیپکو حکام کے مطابق تیل، پانی اور گیس نہ ملنے سے زیادہ تر پاور ہاوٴسز قدرے کم پیداوار دے رہے ہیں، پیپکو حکام کے مطابق چند روز تک صورتحال میں بہتری آ جائے گی ۔