31 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 8:36
یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن میں سوا 7 کروڑ روپے سے زائد کا غبن
جنگ نیوز -
اسلام آباد … یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں ایک سال کے دوران سوا 7 کروڑ روپے سے زائد کا غبن کیا گیا۔ وفاقی وزیر صنعت چوہدری پرویز الٰہی نے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں 2010-11ء کے دوران کی گئی خوردبرد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ نواب شاہ ریجن میں 1 کروڑ 54 لاکھ روپے غبن کے 19 کیسز سامنے آئے، اٹک ریجن میں 95 لاکھ روپے کی خورد برد ہوئی، جبکہ کمرشل آڈٹ نے فرنچائز اسٹورز کو قرضے پر اسٹاک کی فراہمی میں 88 لاکھ روپے کے نقصان کی نشاندہی کی۔ کارپوریشن کے گندم کے اسٹاک میں 3 کروڑ 97 لاکھ روپے سے زائد کی خوردبرد کی گئی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ غبن کے تمام کیسز کی تحقیقات کی جارہی ہے اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی شروع کر کے کچھ رقم بھی بازیاب کی گئی ہے ۔