31 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 8:36
نادرا نے بے سہارا بچوں کوشناختی کارڈ کا اجرا شروع کردیا، رحمان ملک
جنگ نیوز -
کراچی … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ ایدھی فاوٴنڈیشن کی تجویز پر نادرا نے بے سہارا بچوں کی رجسٹریشن اور انہیں شناختی کارڈ کا اجراء شروع کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملازمتوں میں یتیم بچوں کے کوٹے پر عمل درآمد کیلئے وہ وفاقی کابینہ سے بات کریں گے۔ انہوں نے یہ بات کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایدھی ہوم میں یتیم اور بے سہارا بچوں کو نادرا رجسٹریشن کارڈ دینے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر عبدالستار ایدھی اوربلقیس ایدھی بھی موجود تھیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کارڈ اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ جاری ہونے سے بے سہارا بچوں کو شناخت مل جائیگی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے سرکاری ملازمتوں میں خصوصی کوٹے کے لئے وفاقی کابینہ سے بات کریں گے۔