31 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 12:36
کرپشن عروج پر ہے،موجودہ صورتحال کو برداشت نہیں کرینگے، نوازشریف
جنگ نیوز -
گوجرانوالہ…مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن عروج پر ہے،غربت نے عوام کو مار ڈالا ہے،بجلی نہیں، گیس نہ ہونے سے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے،آج پی آئی اے اور ریلوے بند ہیں،غیر ملکی طاقتیں پاکستان کا مذاق اڑاتی ہیں، آج ہماری حکومت ہوتی تو گیس بند نہ ہوتی، بجلی کا مسئلہ حل ہوچکا ہوتا۔گوجرانوالہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ آج پاکستان اسی طرح محرومیوں کا شکار ہے، آج دو وقت کی روٹی نہیں ، پینے کا صاف پانی نہیں،ہم حکومت کو سمجھاتے رہے، کہا صحیح لائن پر آوٴ،پاکستانی بھکاری نہیں خود مختار قوم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کی غربت سے کھیلتے رہے، اپنی جیبیں بھرتے رہے، بجلی گیس کے ریٹ بڑھے تو چین سے نہیں بیٹھوں گا، جس قوم نے اربوں ڈالر ٹھکرادیئے وہ کبھی بھیک نہیں مانگ سکتی،پاکستان میں کرپشن عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ جو ایبٹ آباد میں ہوا وہ قوم کے لئے ناقابل برداشت ہے، ہم پاکستان کی موجودہ صورتحال کو برداشت نہیں کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں بھارتی وزیراعظم نے مینار پاکستان آکر اسے تسلیم کیا، حکومت میں آکر پاکستان کو اقتصادی قوم ہم بنائیں گے، نوجوانوں کو بلا سود قرضے دیں گے،نوجوانوں کو ڈگریوں پر روزگار ملے گا،نوجوان نواز شریف کے سپاہی ہیں۔ہم نوجوانوں کو روشن مستقبل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے، آج جوش و خروش دیکھ کرمجھے آج لانگ مارچ کا دن یاد آگیا،شیروں بہادروں اور جرات مندوں کو سلام۔نواز شریف نوجوانوں سے محبت کرتا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ آج ہماری حکومت ہوتی تو گیس بند نہ ہوتی، بجلی کا مسئلہ حل ہوچکا ہوتا،ہم عدلیہ کے لئے اٹھے تھے، آج پھر اٹھے ہیں،ایک وقت تھا ہندوستان ہم سے بجلی خریدنا چاہتا تھا،ہم چھوٹے ڈیم بنائیں گے، تھرمل پاور پلانٹ لگائیں گے،میری ٹیم ہی پاکستان میں انقلاب لائے گی۔اُن کا کہنا تھا کہ مشرف کی ٹیم اور ق لیگ اب کہیں اور جارہی ہے،پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا۔