1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:26
اسلام آباد میں سال کا آخری سورج غروب ، منظر دیکھنے ہزارو ں افراد کا مجمع
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اسلام آباد میں بارہ گھنٹے چار منٹ اپنی روشنی بکھیرنے کے بعد 2011ء کا آخری سورج غروب ہو گیا۔اسلام آباد میں 31 دسمبر کا آخری سورج صبح 7بج کے 9 منٹ پر طلوع ہوا اور شام 5بج کر 13منٹ پر غروب ہو گیا، کئی لوگوں نے سال 2011ء کا آخری سورج غروب ہوتا دیکھنے کے لیے خصوصی اہتمام بھی کیا اور اسلام آباد میں پیر سوہاوہ کے علاوہ دیگر پہاڑی علاقوں کا رخ کیا۔ اس کیساتھ ہی راول پنڈی، اسلام آباد میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ اسلام آباد میں جناح سپر ، سپر مارکیٹ، ایف ٹین مرکز اور ڈی چوک پر رات بارہ بجے شہری، خاص طور پر نوجوان نئے سال کا پر جوش انداز استقبال کے لئے تیار ہیں۔ اس موقع پر روایتی آتش بازی بھی کی جائے گی۔جڑواں شہروں میں نیو ایئر نائٹ پر کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس ہائی الرٹ ہے اور مارکیٹس سمیت اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس حکام کی جانب سے نوجوانوں کو ون ویلنگ سے روکنے کے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔