1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:26
سکھر: 20جنوری کو ایم کیو ایم کا جلسہ، عوام میں جوش خروش
جنگ نیوز -
سکھر … متحدہ قومی موومنٹ کے تحت” 20جنوری“ کو جلسہ عام کے انعقادکے اعلان سے اندرون سندھ کے عوام میں زبردست جوش خروش پایا جارہا ہے اس سلسلے میں ایم کیو ایم سکھر زون کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی غزنوی پارک سے شروع ہوئی جو دیگراہم مقامات و شاہراہوں سے ہوتی ہوئی سکھر زونل آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میںآ ئی ایس ٹی سی کے انچارج عمر قریشی، جوائنٹ انچارج فرید بروہی ، نثار پہنور، سکھر زون کے انچارج و اراکین، ذمہ داران و کارکنان، نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء موٹرسا ئیکلوں، کارروں اور دیگر گاڑیوں پر سوار تھے اور جنہوں نے ہاتھوں میں پاکستان، ایم کیو ایم کے پرچم اورالطاف حسین کی تصاویرتھامی ہوئی تھیں۔ اس موقع پر شرکاء وقفے وقفے سے الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں نعرے لگارہے تھے اور ایم کیوایم کے ترانوں کی دھنوں پر والہانہ رقص کیا۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی کے اراکین جاوید کاظمی، سید شاکر علی اور ڈاکٹر صغیر احمد نے حضرت صدر الدین بادشاہ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور الطاف حسین کی جانب سے مزار پر چادر چڑھائی۔ اس مو قع پر ملک کی بقاء و سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے، سکھرکے جلسہ عام کی کامیابی، ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے، شہداء کی مغفرت، اسیروں کی رہائی، لاپتہ ساتھیوں کی واپسی اور الطاف حسین کی دارزی عمر، صحت تندردستی کیلئے اجتماعی دعائیں کی گئیں۔ بعدازاں سکھر کے معروف غزنوی پارک میں 20جنوری کو جلسہ عام کے حوالے سے رکنیت سازی مہم کا آغاز کردیاگیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ کیمپ میں رابطہ کمیٹی کے مذکورہ اراکین نے رکنیت سازی کے درخواست فارم لوگوں میں تقسیم کیے اور معذوروں،بزرگوں اورناخواندہ خواتین کے درخواست فارم اپنے ہاتھوں سے پرُ کیے۔ اس موقع پراندرون سندھ تنظیمی کمیٹی، ایم کیو ایم سکھر زونل کمیٹی کے انچارجز و اراکین کے علاوہ دیگرذمہ داران و کارکنان بھی موجودتھے۔