1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:26
ہزارہ قومی جرگہ کے وفدکی ایم کیو ایم کے رہنماوٴں سے ملاقات
جنگ نیوز -
کراچی … ہزارہ قومی جرگہ کے چیئرمین وقارشاہ کی سربراہی میں ہزارہ جرگہ کے نمائندہ وفدنے متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان توصیف خانزادہ اور گلفراز خان خٹک سے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آبادمیں ملاقات کی اورحق پرست منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے ہزارہ اورسرائیکی صوبوں کے قیام کیلئے قرار داد پیش کرنے پر الطاف حسین اور ایم کیوایم سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے وفدنے کہاکہ الطاف حسین واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ہزارہ وال اور سرائیکی عوام میں پائی جانیوالی احساس محرومیوں کو محسوس کیا اور اپنے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے ان کے جائز مطالبہ کیلئے نہ صرف آواز بلند کی بلکہ حق پرست نمائندوں کو ان کے مسائل کے حل کیلئے ہدایت جاری کر کے ثابت کردیاکہ وہ مظلوم ومحکوم عوام کے حقیقی لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی ومذہبی جماعتیں عرصہ درازسے ہزارہ وال اورسرائیکی عوام کواپنے مفادات کی تکمیل کیلئے استعمال کرتی رہیں اورکسی نے بھی کبھی عملی طورپر ہزارہ وال اورسرائیکی عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند نہیں کی جبکہ ایم کیوایم نے صوبے کے قیام کیلئے قراددارجمع کرواکر اپنا وعدہ پورا کردیا ہے جس پر ہزارہ وال بشمول سرائیکی عوام الطاف حسین اورایم کیوایم کے بے حدممنون و مشکور ہیں۔ اس موقع پر کنور نوید جمیل ، توصیف خانزادہ اورگلفرازخان خٹک نے ہزارہ قومی جرگہ کے وفدکی آمد کا خیر مقدم کیا اور انہیں یقین دلایاکہ ایم کیو ایم ہزارہ وال اور سرائیکی عوام کے ساتھ ہے اور انہیں کسی صورت تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ مظلوم و محکوم عوام کی بے لوث خدمت اور ان کے مسائل ومشکلات کاحل ہی ایم کیوایم کا منشور ہے اور ایم کیو ایم اپنے منشور پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین ملک بچانے نکلے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ملک کو مضبوط کرنا ہے توعوام کو ان کا جائز حق ضرور ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں مایوسی ہوگی وہاں انتشار ہوگا اور جہاں انتشار ہوگا وہاں خطرات جنم لیں گے جو ملک کیلئے کمزوری کا باعث بنیں گے لہٰذاپہلے عوام کی مایوسی کاخاتمہ ضروری ہے نئے صوبوں کے قیام سے ملک مضبوط و مستحکم ہوگا اور عوام خوشحال ہونگے، ایم کیوایم ملک کومضبوط کرناچاہتی ہے۔قبل ازیں ہزارہ قومی جرگہ کے وفدنے رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ یادگار شہداء حق پرحاضری دی اورملک کی بقاء سلامتی و مضبوطی، ایم کیو ایم کی کامیابی، سازشوں کے خاتمے، شہداء کے درجات کی بلندی،اسیروں کی رہائی اور الطاف حسین کی درازی عمرکیلئے دعائیں کیں، اس موقع پرایم کیوایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔