1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:26
شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی لندن میں عقیدت و احترام سے منائی گئی
جنگ نیوز -
لندن…سابق وزیر اعظم،پاکستان پیپلزپارٹی کی چےئر پرسن اور شہید ِجمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی چوتھی برسی لندن میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔تقریب کا اہتمام برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں کمیونٹی ویلفےئر اتاشی محترمہ شہناز مظہرالحق نے اپنی قیام گاہ پر کیا ۔ تقریب کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،بعد ازاں بعدفاتحہ خوانی ہوئی جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء کی روح کے ایصال ثواب اور بلند درجات کے لئے دعاکی گئی۔تقریب میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئررہنماوٴں کے علاوہ دیگر سیاسی،سماجی،مذہبی و کاروباری شخصیات سمیت خواتین اور بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے اپنی بھرپور عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔جن نمایاں شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ان میں پی پی پی برطانیہ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ریاض خان،پی پی پی لیبر ونگ برطانیہ کے چےئرمین عمر میمن،پی پی پی برطانیہ کے ریکارڈ سیکرٹری ڈاکٹر عبد الغفور،لیبر ونگ کے ڈپٹی چےئرمین حفیظ الدین شیخ،طارق شیخ،سعید محمود،سید تقی شاہ،راجامنصور،سابق صدر راولپنڈی ڈویژن و جرمنی راجا محمد اکرم،قیصر عباس گوندل،امان اللہ خان،اشرف چغتائی اور دانش مظہر الحق شامل تھے۔اس موقع پر شرکاء نے شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی سیاسی و سماجی زندگی پر روشنی ڈالی۔ان رہنماوٴں نے شہید قائد کے جلاوطنی کے دوران اپنے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کا بڑے جذباتی انداز میں تذکرہ کیا۔انہوں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جو جمہوریت قائم ہوئی ہے وہ صرف اور صرف شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی کی مرہونِ منت ہے۔جمہوریت دشمن ایک مرتبہ پھر صف آراء ہوگئے ہیں مگر عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکن اپنی شہید قائد کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دیں گے اور ہر قسم کی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔شرکاء نے شریک چےئرمین،صدر آصف علی زرداری کی گڑھی خدا بخش کے جلسے میں کی جانے والی تقریر کی مکمل تائید و حمایت کی۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ چےئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے ان کی قیادت میں مخالفین کو شکست فاش سے دوچار کریں گے۔ان رہنماوٴں نے مسلم لیگ اور تحریک انصاف کی جانب سے موجودہ حکومت اور صدر مملکت کے خلاف چلائی جانے والی کردار کشی کی مہم کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ سیاست سماجی خدمت کا نام ہے اور کوئی کرکٹ میچ نہیں کہ نواز شریف اور عمران خان عوام کی قسمت سے کھیلتے پھریں۔یہ ایک سنجیدہ عمل ہے جس کے لئے سیاسی بصیرت،صبرو تحمل ، دانش اور بہترین حکمت عملی کی ضرورت۔جو جلد بازی کرے گا اور تیز دوڑنے کی کوشش کرے گا وہ بہت جلد منہ کے بل زمین پر گرے گا اور ہمیشہ کے لئے ان فٹ ہوجائے گا۔