1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:26
لاہور : دیہاتیوں نے ایس ایچ او کو ڈنڈے مار مار کر ہلاک کردیا
جنگ نیوز -
لاہور … لاہورکے سرحدی گاوٴں گھوئنڈ میں دیہاتیوں نے پنچایت میں جھگڑے کی اطلاع پر آنیوالے ایس ایچ او کو ڈنڈے مار مار کر ہلاک کر دیا، پولیس نے گاوٴں کو محاصرے میں لے کر 2 ملزمان سمیت 22افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ہڈیارہ کے سرحدی گاوٴں گھوئنڈ میں ایک کنال اراضی کی ملکیت کے تنازع پر پنچایت جاری تھی کہ فریقین آپس میں الجھ پڑے، جھگڑے کی اطلاع پر ایس ایچ او ہڈیارہ انسپکٹر ارشد نے6 اہلکاروں کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ کر قبضہ گروپ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران قبضہ گروپ کی خواتین پولیس سے گھتم گتھا ہوگئیں اور ملزمان کی والدہ نیچے گرپڑیں۔ ماں کو گرتے دیکھ کر ملزم پارٹی نے ایس ایچ او کو ڈنڈے مار مار کر شدید زخمی کر دیا جو بعدمیں اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔ وقوعہ کے بعد پولیس نے گاوٴں کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور مرکزی ملزم اصغر اور اس کے بیٹے خرم سمیت 22 افراد کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی مزید نفری موقعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کی گرفتاری تک آپریشن جاری رہے گا ۔