1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:26
کراچی: نیپا پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق ،ایک زخمی، بس نذر آتش
جنگ نیوز -
کراچی … گلشن اقبال کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے گاڑی میں سوار پاسبان جعفریہ کے رہنماء جاں بحق جبکہ ساتھی زخمی ہو گیا، واقعہ کے بعد نیپا چورنگی اور ابو الحسن اصفہانی روڈ پر صورتحال کشیدہ ہے اور نامعلوم افراد نے ایک بس کو بھی آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو زخمی کر دیا، جنھیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال میں فائرنگ کے واقعے میں ملوث نامعلوم ملزمان پر زخمیوں نے جوابی فائرنگ بھی کی جس سے ملزمان زخمی ہوئے تاہم وہ جائے واردات سے فرار ہوگئے۔ ترجمان پاسبان جعفریہ کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے نام عسکری رضا اور علی مہدی ہیں اور دونوں انکے رہنماء ہیں۔ واقعہ کے بعد سے نیپا چورنگی اور ابو الحسن اصفہانی روڈ پر صورتحال کشیدہ ہے اور نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کر کے دکانیں اورکاروبار بند کرادیا ہے، جبکہ ایک مسافر بس کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔